ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: ٹرین میں دو مسافروں کے ہاتھ میں تلواردیکھ کر مسافروں میں پھیل گئی گھبراہٹ؛ کیا ہے اصلیت ؟

منگلورو: ٹرین میں دو مسافروں کے ہاتھ میں تلواردیکھ کر مسافروں میں پھیل گئی گھبراہٹ؛ کیا ہے اصلیت ؟

Sat, 01 Jul 2023 22:57:02    S.O. News Service

منگلورو2 جولائی(ایس او نیوز) تیروناویلی سے دادر جانے والی ٹرین میں دو تلوار بردارلوگوں  کو دیکھ کرمسافروں میں گھبراہٹ پھیل گئی، کہا جارہاتھا کہ ان دونوں نے سورتکل اور تھوکور ریلوے ٹریکس پر مسافروں کو لوٹنے کی کوشش کی ، مگر ٹراویلنگ ٹکٹ ایکزامینر (ٹی ٹی ای) نے جرات سے کام لیا اور لٹیروں کے ہاتھ سے تلواریں چھینتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔
    
واردات ٹرین نمبر 22629 پر پیش آیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ جب تھوکور اسٹیشن پر ٹرین رکی تھی تو اس وقت یہ تمل زبان بولنے والے تلوار بردارلوگ ٹرین میں داخل ہوئے تھے۔ ریزرویشن  والی 7  نمبر بوگی میں جب دو افراد مسافروں کے سامنے تلواریں لہرانے لگے تو ڈبے میں موجود مسافروں نے خوفزدہ ہو کر جنرل ڈبے کی طرف بھاگنا شروع کیا۔ دوسری طرف ان دونوں نے ٹرین کی سیٹوں پر تلواریں چلاتے ہوئے کئی سیٹیں پھاڑ ڈالیں۔ 
    
اس دوران  ٹی ٹی ای بابو کے سرینواس شیٹی اور تیمپّا گوڈا نے ہمت دکھائی اور عملہ کے دیگر افراد کی مدد سے  ان دونوں کے ہاتھ سے تلواریں چھین لی۔ اور دونوں کو پولس کے حوالے کردیا۔

اس ضمن میں ریلوے پولیس نے وضاحت جاری کی ہے کہ تھوکورریلوے اسٹیشن پر جمعہ کو دادر- تیرونالویلی ٹرین میں تلوار چلانے کا واقعہ ڈکیتی کی کوشش نہیں بلکہ دو ناریل توڑنے والوں کے درمیان جھگڑا تھا۔ 

اس واقعے کے سلسلے میں گرفتار افراد میں جے پربھا (28) اور پرساد (23) دونوں تمل ناڈو کے رہنے والے ہیں۔ وہ حال ہی میں گوا سے دو تین ماہ تک ناریل توڑنے کے کام پر مامور تھے اور وہاں سے وہ واپس آرہے تھے۔ نشے کی حالت میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو جسمانی لڑائی میں بدل گئی۔ جب ٹرین تھوکوراسٹیشن پر پہنچی تو وہ اپنی سیٹوں سے کھڑے ہو گئے اور ایک دوسرے پر نشانہ لگانا شروع کیا، جس سے کھڑکیوں کے شیشوں اور سیٹ کے کور کو نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ ان دونوں کو جب پولس نے حراست میں لے کر تفتیش کی تو اصلیت سامنے آئی۔


Share: